بھٹکل:12؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے 20جنوری کوہونے والے مرڈیشور ماتھوبار رتھ اتسوا کو کووڈ گائیڈ لائنس پر مکمل عمل آوری کرتےہوئے سادگی اور محدود لوگوں کے ساتھ منانے کی اجازت دی ہے۔
اس سلسلے میں پریس ریلیز جاری کرتےہوئے اے سی نے کہا کہ ریاست میں کووڈ-19کامتبادل وائرس اومیکرون بڑی تیزی سےپھیل رہاہے۔ اس سلسلےمیں 4جنوری کو سرکلر جاری کرتےہوئے حکومت نےکہاکہ پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کئے جائیں اور ان پر سختی کے ساتھ عمل ہو۔ جیساکہ 10جنوری کو منعقدہ عوامی میٹنگ میں فیصلہ لیاگیا ہے کہ مرڈیشور کا رتھ اتسوا مذہبی پوجاپاٹ تک محدود ہوگا۔ میلے کے دوران ہر دن صرف 100لوگوں کو ہی مندر میں داخل ہونے دیاجائےگا۔
خیال رہے کہ انہی لوگوں کو داخلہ دیا جائے گا جو کووڈ کے دونوں ٹیکے لئے ہوں ، دستاویزات کا معائنہ کرنے کے بعد ہی آگے بڑھایا جائے گا۔ مندرمیں داخلے کے لئے لازمی ہوگا کہ ماسک لگائیں ، سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔ اس سلسلےمیں تعلقہ پنچایت ، پنچایت ترقی افسران نگرانی کریں گے۔ 20جنوری کو رتھ اتسوا شام 4بجے سے 6بجے تک عوام کو دیکھنے کا موقع دیاجائے گا۔قطار میں کھڑے ہوکر صرف 200لوگوں کو دیکھنے دیاجائےگا پولس محکمہ اس کی نگرانی کرے گا۔ میلے کے موقع پر نئے دکانوں کے لئے موقع نہیں رہےگا۔